سمبڑیال میں مسلم لیگ ن کا ووٹ 41 فیصد سے بڑھ کر 59 فیصد ہوگیا:وزیراطلاعات
لاہور(سپیشل رپورٹر)) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے 39ہزار ووٹوں کی لیڈ سے شکست کے بعد دھاندلی کا الزام لگانا شرمناک ہے، سمبڑیال الیکشن میں تحریک انصاف کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ فافن کی رپورٹ میں کہا گیا پریزائیڈنگ افسران نے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 فراہم کیے، فافن نے 121 پولنگ ایجنٹس کے انٹرویو کیے ان میں 116 پولنگ ایجنٹس نے ووٹنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سمبڑیال میں مسلم لیگ ن کا ووٹ 41 فیصد سے بڑھ کر 59 فیصد ہوا ہے، فافن نے کہا سمبڑیال میں تحریک انصاف کا ووٹ 35 فیصد سے 29 فیصد تک آگیا۔ یہ رپورٹ تحریک انصاف اور اس کے ایجنڈے پر چلنے والے نام نہاد اور جید فلسفیوں اور دانشوروں کے ڈوب مرنے کے لئے کافی ہے۔