انڈیا اور اسرائیل کی اشیاء برآمد کرنے پر پابندی کیس کی سماعت 13جنوری کوہوگی

 فریقین جواب داخل کرائیں گے،جسٹس عامرفاروق اورجسٹس روزی خان پر مشتمل ڈویژنل بنچ سماعت کرے گا
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی آئینی عدالت میں انڈیا اور اسرائیل کی اشیاء برآمد کرنے پر پابندی کے کیس کی سماعت 13جنوری 2026کوہوگی جس میں فریقین جواب داخل کرائیں گے،جسٹس عامرفاروق اورجسٹس روزی خان پر مشتمل ڈویژنل بنچ سماعت کرے گا سابقہ سماعت کے دوران ایف بی آر کے وکیل حافظ احسان کھوکھر نے کہا کہ ہائیکورٹ کا حکم اختیارات کی تقسیم کے آئینی اصول کے خلاف ہے، عدالتوں کا کام پالیسیوں میں تبدیلی یا معاشی اصولوں میں مداخلت کرنا نہیں۔وکیل ایف بی آر نے کہا کہ موجودہ کیس میں خارجی تعلقات اور نیشنل سیکیورٹی کے معاملات بھی شامل ہیں۔ ہائیکورٹ ایس آر او کو غیر قانونی قرار دیے بغیر احکامات جاری نہیں کر سکتی۔واضح رہے کہ حکومت نے 2019 میں انڈیا،اسرائیل کی اشیاء برآمدگی پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے خلاف مختلف فریقین نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ نے معاملے پر کمیٹی کی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے پابندی کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی۔