سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان کراچی پہنچ گئے، عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری

سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان کراچی پہنچ گئے، عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان کراچی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شہر قائد کے معروف روحانی مرکز حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی آمد کے بعد عامر خان سیدھے کلفٹن میں واقع حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پہنچے، جہاں انہوں نے چادر چڑھائی، پھول نچھاور کیے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے استحکام، خوشحالی اور عوام کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔سابق عالمی چیمپئن نے مزار کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود عقیدت مندوں سے مختصر گفتگو بھی کی۔ سندھ کی روایتی مہمان نوازی کے طور پر انہیں اجرک پیش کی گئی، جسے عامر خان نے خوشی سے قبول کیا۔

واضح رہے کہ عامر خان اس سے قبل واہگہ بارڈر کا بھی دورہ کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور پاک فوج کے جذبے، نظم و ضبط اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔عامر خان کے دورۂ پاکستان کو کھیلوں کے فروغ اور مثبت عالمی تشخص کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی مذہبی اور ثقافتی مقامات پر حاضری کو عوامی سطح پر خوب سراہا جا رہا ہے۔