امریکی عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کے جرم میں گرفتار ریان راؤتھ کو عمر قید کی سزا سنادی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 59 سالہ ریان راؤتھ نے 2024 کے صدارتی انتخابات سے دو ماہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے کئی ماہ تک حملے کی منصوبہ بندی کی اور اپنے اقدام پر کسی قسم کے پچھتاوے یا ندامت کا اظہار نہیں کیا۔فلوریڈا کے شہر فورٹ پیئرس میں امریکی ضلعی جج ایلین کینن نے ریان راؤتھ کو سزا سنائی۔ گزشتہ برس ستمبر میں جیوری نے اسے 5 سنگین الزامات میں مجرم قرار دیا تھا، جن میں ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش بھی شامل تھی۔ملزم نے مقدمے کی سماعت کے دوران خود وکیل بن کر اپنا دفاع کیا۔ استغاثہ نے عمر قید کی سفارش کی تھی، جبکہ ریان راؤتھ نے جج سے 27 سال قید کی سزا دینے کی درخواست کی۔
پراسیکیوٹرز کے مطابق ریان راؤتھ کے جرائم عمر قید کے مستحق ہیں، کیونکہ اس نے قتل کی منصوبہ بندی کئی ماہ تک کی، راستے میں آنے والے کسی بھی شخص کو ہلاک کرنے سے گریز نہیں کیا، اور نہ تو افسوس کا اظہار کیا نہ ندامت دکھائی۔ریان راؤتھ کو ہوائی سے گرفتار کیا گیا تھا، اور اس سے قبل وہ نارتھ کیرولائنا میں مقیم تھا۔ اسے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے 3 الزامات اور گرفتاری کے دوران ایک وفاقی افسر کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم میں بھی مجرم قرار دیا گیا ہے۔