بیکری مالکان کو ہراساں کرنے پر عدالت نے فرانسیسی میئر کو معطل قید کی سزا سنا دی

بیکری مالکان کو ہراساں کرنے پر عدالت نے فرانسیسی میئر کو معطل قید کی سزا سنا دی

پیرس: فرانس میں ایک گاؤں کے سابق میئر کو مقامی بیکری چلانے والے میاں بیوی کو مسلسل ہراساں کرنے اور ان کے کاروباری معاملات میں مداخلت کرنے پر عدالت نے سزا سنا دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ فرانس کے علاقے برٹنی کے قصبے سینٹ اوئن دے زالیو میں پیش آیا، جہاں سابق میئر پیئر ٹی پر الزام تھا کہ انہوں نے مقامی بیکری کے مالکان کو مختلف معاملات پر مسلسل دباؤ میں رکھا اور انہیں کاروبار چلانے میں مشکلات سے دوچار کیا۔رپورٹس کے مطابق سابق میئر اور بیکری مالکان کے درمیان کاروبار کے اوقاتِ کار، روٹی کاٹنے اور دیگر تجارتی معاملات پر اختلافات پیدا ہوئے۔ ان اختلافات کے بعد سابق میئر مبینہ طور پر جوڑے کو بار بار ہراساں کرتے اور ان کے کاروبار میں مداخلت کرتے رہے۔مسلسل دباؤ اور ہراسانی کے باعث بیکری چلانے والے میاں بیوی کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے صرف دو ماہ بعد ہی بند کرنا پڑا۔

عدالت کا سابق میئر کے خلاف فیصلہ

رین شہر کی فوجداری عدالت نے 12 نومبر 2026 کو مقدمے کی سماعت کے بعد سابق میئر پیئر ٹی کو ذہنی ہراسانی کا مجرم قرار دیا اور انہیں 8 ماہ قید کی معطل سزا سنائی۔عدالت نے سابق میئر پر 5 ہزار یورو جرمانہ بھی عائد کیا، جبکہ متاثرہ میاں بیوی سے تین سال تک کسی قسم کا رابطہ کرنے پر پابندی لگا دی۔اس کے علاوہ عدالت نے متاثرہ جوڑے کو ہونے والے نقصان کے ازالے کے لیے سابق میئر کو 11 ہزار 200 یورو ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔