سانحہ بھاٹی گیٹ: گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع

 مقتولہ سعدیہ ساجد کے والد ساجد حسین اور شوہر مرتضی عدالت کے روبرو پیش ہوئے
لاہور(آئی این پی )ضلع کچہری لاہور نے بھاٹی گیٹ حادثہ کیس میں گرفتار ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کر دی، عدالت نے ملزمان کو 9 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس نے بھاٹی گیٹ کے علاقے میں ماں اور بیٹی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے مقدمے کی سماعت کی، عدالتی حکم پر مقتولہ سعدیہ ساجد کے والد ساجد حسین اور شوہر مرتضی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔سماعت سے قبل مقتولہ کے والد ساجد حسین نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں تاحال کسی قسم کی کوئی رقم یا ایک کروڑ روپے کا چیک موصول نہیں ہوا، تاحال شدید صدمے میں ہیں اور آج پہلی بار عدالت میں طلبی پر حاضر ہوئے ہیں۔دوسری جانب پولیس نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد پانچوں ملزمان کو ضلع کچہری کے بخشی خانے منتقل کیا، جہاں سے انہیں بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس نے ملزمان کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کا ڈیوٹی روسٹر چیک کرنا ہے تاکہ ان کے کردار کا تعین کیا جا سکے۔سماعت کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس نے تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ چار دن میں کیا تفتیش کی گئی، اپنے گزشتہ حکم میں تفتیش کے نکات واضح طور پر درج کیے گئے تھے، اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آئی