کشمیر اور فلسطین جیسے بنیادی قومی و عالمی مسائل پر حکمرانوں کی خاموشی اور کمزوری تشویشناک ہے
غزہ سے متعلق کسی ایسے عالمی فورم کا حصہ بننا غلط ہے جو فلسطینیوں کے موقف کے خلاف ہو: اجتماع سے خطاب
لاہور(آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے دہشت گردی کو صرف طاقت سے نہیں، اس کے اسباب ختم کرکے روکا جا سکتا ہے،حکومت سے قبضہ چھڑوانا ناگزیر ہو چکا ہے، پاکستان اس لیے قائم نہیں ہوا کہ چند خاندان اقتدار اور وسائل پر قابض ہوں۔منصورہ میں جماعت اسلامی کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکومت سے قبضہ چھڑوانا ناگزیر ہوچکا ہے۔ کشمیر اور فلسطین جیسے بنیادی قومی و عالمی مسائل پر حکمرانوں کی خاموشی اور کمزوری تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی شمولیت کے بغیر کسی بھی ثالثی کو قبول نہیں کیا جا سکتا ۔ غزہ سے متعلق کسی ایسے عالمی فورم کا حصہ بننا غلط ہے جو فلسطینیوں کے موقف کے خلاف ہو۔حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان اس لیے قائم ہوا تھا کہ یہاں اللہ کا نظام نافذ ہوگا، عدل و انصاف قائم ہوگا، نہ کہ چند خاندان اقتدار اور وسائل پر قابض ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوامی رائے کو دباکر فارم 47 کے ذریعے حکومتیں مسلط کی جائیں گی تو ملک میں مسائل مزید بڑھیں گے۔