عمرہ کیلئے لازمی گردن توڑ بخار کی ویکسین کی قلت

سینکڑوں عمرہ زائرین کو مشکل کا سامنا ،۔سرکاری مرکز برائے حفاظتی ٹیکہ جات پر ویکسین دستیاب نہیں 
لاہور(کرائم رپورٹر )عمرہ پر جانے کے لیے گردن توڑ بخار کی ویکسین لازمی قرار دیئے جانے پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں ویکسین ‘‘میننجائٹس’’کی قلت پیدا ہوگئی۔سینکڑوں عمرہ زائرین کو بڑی مشکل کا سامنا ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد لائن میں کھڑی دکھائی دیتی ہے۔سرکاری مرکز برائے حفاظتی ٹیکہ جات پر ویکسین سرے سے ہی دستیاب نہیں جبکہ نجی میڈیکل سٹورز پر بھی ویکسین کی بڑی قلت پیدا ہوچکی ہے کیونکہ ابھی تک حکومت نے ویکسین کارڈ بنانے کی غرض سے اسکی خریداری ہی نہیں کی۔ جہاز کی ٹکٹس لینے والے افراد پریشانی کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف اضلاع سے لاہور آگئے مگر ویکسین نہیں مل رہی اور لاہور کے میڈیکل سٹورز پر گردن توڑ بخار کی ویکسین بلیک میں فروخت ہورہی ہے ، مارکیٹ کے اندر ویکسین کی قیمت 6ہزار 700کے قریب بتائی جارہی ہے مگر مارکیٹ میں 10ہزار سے 20ہزار تک بلیک میں فروخت ہورہی ہے۔ویکسین کے کارڈ پر عمل درآمد 10فروری سے ہوگا اور سفر سے 10روز قبل ویکسین لگوانا ضروری ہے اگر 9روز قبل بھی ویکسین لگائی گئی تو وہ قابل قبول نہ ہوگی۔ڈائریکٹر حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا ہے کہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے پاس ویکسین دستیاب نہیں ، شہری میڈیکل سٹور سے ویکسین خرید کر انسٹیٹیوٹ پبلک ہیلتھ سے لگواسکتے ہیں، بین الاقوامی کمپنی صنوفی، اوینٹس اورفائزر کی ویکسین سفر کے لیے قابل قبول ہوگی۔