دونوں افراد پاکستان کو مطلوب ہیں‘ وزیر داخلہ نے حکومت پاکستان کی طرف سے شہزاداکبراورعادل راجہ کی حوالگی کے کاغذات برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کردیئے
پراپیگنڈا کرنے والے پاکستانی شہریوں کیخللاف ٹھوس شواہد فراہم کئے‘ آزادی اظہار پر پورا یقین رکھتے ہیں لیکن فیک نیوز ہر ملک کیلئے مسئلہ ہے:ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) حکومت پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کی درخواست کردی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے امور پر بات چیت ہوئی۔اس دوران وزیر داخلہ نے شہزاداکبراورعادل راجہ کی حکومت پاکستان کی طرف سے حوالگی کے کاغذات برطانوی ہائی کمشنر کے سپرد کئے ۔محسن نقوی نے کہا کہ دونوں افراد پاکستان میں مطلوب ہیں، ان کو فوری پاکستان کے سپرد کیا جائے۔وزیر داخلہ نے پراپیگنڈا کرنے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف ٹھوس شواہد بھی فراہم کیے۔محسن نقوی کا کہنا تھا آزادی اظہار پر پورا یقین رکھتے ہیں لیکن فیک نیوز ہر ملک کیلئے مسئلہ ہے۔