لندن : پاکستان ہائی کمیشن سے پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کا آغاز

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پاور آف اٹارنی، ایجنٹ یا پاکستان سفر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی
لندن (آن لائن)  بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی اور قونصلر خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت براہِ راست دستیاب کر دی گئی ہے۔پاکستان ہائی کمیشن لندن نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے  بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پنجاب میں اپنی جائیداد کی منتقلی کے لیے نہ تو پاور آف اٹارنی کی ضرورت ہوگی، نہ کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔ جائیداد کی منتقلی کا عمل براہِ راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔پاکستان ہائی کمیشن لندن کے مطابق یہ طریقہ کار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے شفاف، تیز رفتار اور کم خرچ ہے، جبکہ اس کے ذریعے انہیں جائیداد کی منتقلی کے لیے پاکستان سفر کرنے کی ضرورت بھی نہیں رہے گی۔