امتحانات 2026 سے پی ڈی ایف فارمیٹ میں ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز جاری ہوں گے
کیو آر کوڈ اور سیکیورٹی فیچرز سے مزین رزلٹ کارڈ کو قانونی حیثیت بھی حاصل ہوگی :حکام
لاہور(زیڈ این این)لاہور بورڈ نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے لیے ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس نئی سہولت کا آغاز سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج سے کیا جائے گا، جس کے تحت ریگولر اور پرائیویٹ امیدواروں کو پی ڈی ایف فارمیٹ میں ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔بورڈ کے مطابق ریگولر طلبہ اپنے تعلیمی اداروں کے آن لائن پورٹل کے ذریعے ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ حاصل کر سکیں گے، جبکہ پرائیویٹ امیدوار لاہور بورڈ کے آن لائن پورٹل سے اپنا رزلٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ پر کیو آر کوڈ سمیت جدید سیکیورٹی فیچرز موجود ہوں گے، جس سے اس کی تصدیق آسان اور محفوظ بنائی جا سکے گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل رزلٹ کارڈ کو اصل رزلٹ کارڈ کے مساوی قانونی حیثیت حاصل ہوگی اور اسے داخلوں، ملازمت، اسکالرشپس، تصدیق اور مساوات سمیت تمام سرکاری و تعلیمی مقاصد کے لیے قابل قبول تصور کیا جائے گا۔