اسلام آباد(آئی این پی ) گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بھی 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ حکومت ڈیزل کی روزانہ قیمت تبدیل کر رہی ہے، جس کی وجہ سے کاروبار کرنا ممکن نہیں ہے، ہم روزانہ کی بنیاد پر ڈیزل کی قیمت میں تبدیلی برداشت نہیں کر سکتے۔عہدیداران نے کہا کہ ٹول ٹیکس 250 سے بڑھا کر 750 کر دیا گیا ہے، ہمارے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا ہے، ود ہولڈنگ ٹیکس کو 7 فیصد سے کم کر کے دو فیصد پر لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گاڑی پر ایک کارٹن بھی غیر کسٹم شدہ ہوگا تو گاڑی ضبط کرنے کا کہہ دیا گیا ہے، اگر کوئی ایسا کارٹن ہو تو پرانے قانون کی طرح 20 فیصد جرمانہ کرکے گاڑی کو چھوڑا جائے لیکن اس وقت حکومت نے ایکسل لوڈ گاڑیوں کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے