خواتین بھی پکڑی گئیں ،ایک کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 102 کلو سے زائد منشیات برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں کے دوران 3 خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 102.22 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب جوسر مشین میں چھپائی گئی 1 کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس نے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر قطر جانے والے مسافر کے گٹار سے 490 گرام افیون، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر جدہ جانیوالے مسافر کے پیٹ سے 460 گرام وزنی 79 آئس بھرے کیپسول برآمد کیے گئے۔ جی پی او اسلام آباد کے کوریئر آفس سے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے 20.450 کلو آئس برآمد کر کے 2 خواتین کو گرفتار کیا گیا۔ کراچی کورنگی میں کوریئر آفس سے 1.2 کلو آئس، زیرو پوائنٹ اوتھل کے قریب خاتون کے بیگ سے 1 کلو آئس، سریاب روڈ کوئٹہ میں رکشہ کے خفیہ خانے سے 70 کلو چرس اور مانسہرہ ٹول پلازہ پر گاڑی سے 7.620 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔