اسرائیل میں 3 سالہ بچی نے سیر سپاٹوں کے دوران 3800 سال قدیم مصری خزانہ دریافت کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسرائیل کے علاقے تل عزیقہ میں سیر کرنے والی 3 سالہ بچی زیو نطزان نے 3800 سال قدیم مصری خزانہ دریافت کیا۔ ماہرین آثارِ قدیمہ نے تصدیق کی کہ یہ خزانہ واقعی قدیم مصری دور سے تعلق رکھتا ہے۔ننھی زیو نطزان اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ تل عزیقہ کی سیر کر رہی تھی کہ اس کی نظر ایک پتھر پر پڑی جو دراصل کنعانی برادریوں سے تعلق رکھتا تھا۔ جب زیو نطزان نے اپنے والدین کو یہ پتھر دکھایا، تو انہوں نے اسے اہم آثارِ قدیمہ سمجھا اور اسرائیل کی نوادرات اتھارٹی (آئی اے اے) کے حوالے کر دیا۔اس دریافت پر آئی اے اے نے زیو نطزان کو تعریفی سند سے نوازا، اور وہ راتوں رات عالمی شہرت حاصل کر گئیں۔