میاں بیوی قتل ، گھر کو آگ لگا دی

 ملزم سالے ثمر عباس سے پیسے مانگتا تھا،انکار پر گولیاں مار دیں،ملزم زری عباس گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)سبزہ زار میں دوہرے قتل کی واردات ،بہنوئی نے سالے اور اس کی بیوی کو گولیاں مار کر قتل کر نے کے بعد گھر کو آگ لگا دی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سبزہ زار این بلاک میں زری عباس عرف جیری نامی ملزم نے اپنے سالے ثمر عباس کے گھر گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 43 سالہ ثمر عباس اور اس کی بیوی 40سالہ کلثوم جاں بحق ہو گئی ،واردات کے بعد ملزم نے شواہد مٹانے کیلئے گھر کو آگ لگا دی اور فرار ہو گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کرلاشوں کو نکال کر پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے ملزم جیری کو گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے وقت مقتولین کے دونوں بچے سکول گئے ہوئے تھے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اپنی بیوی کا سارا زیور بیچ کر کھا چکا تھا اور اس نے سالے کے پیسے دینے تھے اور مزید پیسے مانگتا تھا مگر مقتول مزید رقم دینے سے انکاری تھا جس کی وجہ سے اس نے طیش میں آکر سالے کو بیوی سمیت قتل کر دیا۔