سائیکلون ’’شکتی‘‘ آج سے طوفانی بارشیں

کراچی،ٹھٹھہ، بدین اور تھرپارکر سمیت کئی اضلاع متاثر ہو سکتے ،6اکتوبر تک سمندری حالات نہایت خطرناک قرار 
کراچی، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سائیکلون شکتی نے بحیرہ عرب میں خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ کراچی سے صرف 360 کلومیٹر دور سمندر میں طاقتور طوفان منڈلا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے شدید طوفانی بارشوں اور تیز ہوائوں کا الرٹ جاری کر دیا۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر اور اندرون سندھ کے کئی اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری ہوائوں کی رفتار 125 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا خدشہ ہے، اس لیے ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے سختی سے روک دیا گیا، طوفان مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔ 6 اکتوبر تک سمندری حالات نہایت خطرناک قرار دیے گئے ہیں، جبکہ تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طوفان کا نام ‘‘شکتی’’سری لنکا کا تجویز کردہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام تک سسٹم کے ارد گرد 85 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں 125 کلو میٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کر سکتی ہیں۔ جبکہ 6 اکتوبر تک وسطی شمالی اور شمالی بحیرہ عرب میں لہریں بہت اونچی رہنے کا امکان ہے۔