امیربالاج ٹیپو قتل کیس: مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

امیربالاج ٹیپو قتل کیس: مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

امیربالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پنجاب پولیس نے یہ کارروائی انٹرپول کی مدد سے عمل میں لائی۔ طیفی بٹ کی پاکستان منتقلی کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں لاہور پہنچایا جائے گا۔یاد رہے کہ امیربالاج ٹیپو، جو لاہور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت تھے، کو کچھ عرصہ قبل اندوہناک طریقے سے قتل کیا گیا تھا۔ اس ہائی پروفائل کیس میں طیفی بٹ کو مرکزی منصوبہ ساز اور ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد طیفی بٹ ملک سے فرار ہو کر دبئی میں روپوش ہو گیا تھا، جس پر پنجاب پولیس نے انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری کیے تھے۔پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق،"طیفی بٹ کی گرفتاری اس کیس میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ ملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور امیربالاج ٹیپو کے قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔"