لوئر مال پولیس نے بیوی اور ساس کو تشدد کا نشانہ بنانے والے حمزہ کو دھر لیا
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں خواتین پر تشدد کے واقعات کے خلاف پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر لوئر مال اور مصری شاہ پولیس نے کارروائیاں کیں۔ لوئر مال پولیس نے بیوی اور ساس کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں ملزم حمزہ کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی خاتون سے 11 ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور وہ مبینہ طور پر اسے مسلسل تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔ ملزم نے گھریلو ناچاقی پر تشدد کرنے کے علاوہ بچی چھیننے کی کوشش بھی کی۔ دوسری کارروائی میں مصری شاہ پولیس نے خاتون کی درخواست پر ملزم مظہر کو گرفتار کر لیا، جو مبینہ طور پر شراب نوشی کے بعد اپنی مامی کو تنگ کرتا اور غلیظ گالیاں دیتا تھا۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے