لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ، ہلڑبازی اور سڑکوں پر خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ون ویلرز کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ایئرپورٹ سرکل میں ڈیفنس موڑ پر خصوصی ناکہ بندی اور کومبنگ آپریشن کے دوران حمزہ اور گلزیب نامی ون ویلرز کو گرفتار کیا گیا، جن کے خلاف تھانہ سا ئوتھ کینٹ میں مقدمات درج کرکے حوالات منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان رات گئے ٹولیوں کی صورت میں سڑکوں پر ون ویلنگ کرتے اور پولیس کو دیکھ کر فرار ہو جاتے تھے۔ سی بی ڈی بلیوارڈ، ڈیفنس بلیوارڈ، فیز 6 اور کینال روڈ پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں، جبکہ فرار ہونے والے ون ویلرز کے خلاف بھی سوشل میڈیا اور گرفتار ملزمان کی مدد سے کارروائی کی جائے گی۔ سی ٹی او نے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران 124 ون ویلرز کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور سڑکوں پر ہلڑبازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔