کاہنہ پولیس نے ملزمان کو فیصل آباد سے گرفتار کرلیا، متاثرین ہسپتال منتقل
لاہور (کرائم رپورٹر) کاہنہ پولیس نے خاتون اور اس کے بیٹے پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں شوہر انصاف علی اور اس کی بیٹی کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے تھے، جنہیں فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔ واقعہ روہی نالہ کے قریب پیش آیا، جہاں فیکٹری سے چھٹی کے بعد گھر جانے والی خاتون اور اس کے بیٹے پر تیزاب پھینکا گیا۔ تیزاب سے خاتون کی گردن، کمر اور دونوں ٹانگیں، جبکہ بچے کا دایاں بازو متاثر ہوا۔ دونوں متاثرین کا جنرل ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ خاتون کی درخواست پر مقدمہ نمبر 9358/26 درج کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم انصاف علی سے تفتیش جاری ہے، جبکہ اس کی بیٹی بھی زیرِ حراست ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، گھریلو تنازعات کا حل تشدد نہیں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔