ڈولفن سکواڈ، 2اشتہاریوں سمیت 11 ملزم گرفتار، آئس بر آمد

مختلف علاقوں میں چھاپے، نشے میں غل غپاڑہ کرنے والے 3ملزم بھی پکڑ لئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران دو اشتہاری اور چار عادی ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ نشے کی حالت میں لڑائی جھگڑا اور غل غپاڑہ کرنے والے تین ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا، جن کے قبضے سے آئس بر آمد ہوئی۔ اسی طرح اسٹاپ اینڈ سرچ کارروائیوں کے دوران شناخت چھپانے اور مشکوک حرکات کرنے والے دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں ارشد، شاہد، اصغر، رحمان، عرفان اور علی سمیت دیگر شامل ہیں۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ریس کورس، اچھرہ، باغبانپورہ اور دیگر متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے سکواڈ کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔