سکیورٹی عملے نے مشکوک جان کر پکڑا، ملزم خود کو ڈاکٹر ظاہر کرکے دھوکا دیتا رہا
لاہور (کرائم رپورٹر) جنرل ہسپتال لاہور میں ڈاکٹر کا روپ دھار کر داخل ہونے والے نوجوان کو انتظامیہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد انس کے نام سے ہوئی ہے، جس نے خود کو ڈاکٹر ظاہر کرکے ڈیوٹی پر موجود عملے کو دھوکا دینے کی کوشش کی۔ تاہم سکیورٹی عملے کو اس پر شک ہوا تو جانچ پڑتال کے دوران اس کا دعویٰ غلط ثابت ہو گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے کوٹ لکھپت پولیس کو طلب کرکے ملزم کو ان کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ہسپتال کے سکیورٹی سپروائزر مرزا حفیظ کی درخواست پر محمد انس کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی ایک شہری کو ملازمت کا جعلی لیٹر دے کر بھاری رقم بٹور چکا ہے