سوشل میڈیا پر بھی کڑی نگرانی،متعلقہ افسروں کو کارروائیاں مزید تیز کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈا ئون کرتے ہوئے رواں سال کے دوران 228 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحے کی نمائش اور ڈالہ کلچر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو کارروائیاں مزید تیز کرنے اور سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی تشہیر کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور پرامن معاشرے کا قیام لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔