ایران سے جنگ یا معاہدہ؟ فیصلہ امریکی مڈٹرم انتخابات کریں گے

ایران سے جنگ یا معاہدہ؟ فیصلہ امریکی مڈٹرم انتخابات کریں گے

امریکا کے مڈٹرم انتخابات نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی پوزیشن اور ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے مستقبل کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔

 کانگریس کے ایوانِ بالا سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی نے اکثریت حاصل کرلی ہے، جبکہ ایوانِ نمائندگان کے نتائج ابھی مکمل طور پر واضح نہیں ہوئے۔ ان نتائج کے اثرات ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی، ایران کے ساتھ مذاکرات اور ممکنہ فوجی کارروائیوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔امریکی سیاست میں مڈٹرم انتخابات کو صدر کی مقبولیت اور ان کی حکومت کی کارکردگی جانچنے کا اہم پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔ ان انتخابات میں حکمران جماعت کو اکثر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ ووٹرز صدر کی پالیسیوں، ملکی معیشت اور روزمرہ زندگی سے متعلق مسائل پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔

امریکا میں ایران کے ساتھ جنگ اور اس کے معاشی اثرات بھی انتخابی بحث کا اہم حصہ رہے۔ مہنگائی، ایندھن کی قیمتوں، رہائش کے بڑھتے اخراجات اور روزگار جیسے معاملات امریکی ووٹروں کی ترجیحات میں شامل رہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات بھی سیاسی مباحثے کا حصہ بنے۔