واشنگٹن: امریکا میں آئندہ ماہ ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے تناظر میں امریکی سینٹکام کے کمانڈر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں اہم بریفنگ دی ہے، جس میں ایران پر ممکنہ حملوں کے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اس اہم بریفنگ میں صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے دستیاب آپشنز اور حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔ جریدے نے اس معاملے سے باخبر افراد کے حوالے سے بتایا کہ بریفنگ صدر ٹرمپ اور امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کے درمیان ہوئی۔رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین بھی اس اہم اجلاس میں شریک تھے، جبکہ ایک اور ذریعے نے کابینہ کے اہم اراکین کی شرکت کی تصدیق کی ہے۔