راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی گرفتاری ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی کی جانب سے جاری کیے گئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل اڈیالہ جیل کے قریب پولیس نے انجام دی ہے۔پولیس ٹیم، جس کی قیادت ڈی ایس پی اظہر شاہ کر رہے تھے، نے علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری پر باقاعدہ عمل درآمد کیا۔ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب وارنٹ پر دستخط بھی کیے، جس کے بعد گرفتاری کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عدالت کے احکامات کے مطابق، علیمہ خان کے وارنٹ پر دستخط کروانے کے بعد کارروائی مکمل تصور کی گئی ہے، لیکن فی الحال ان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عدم حاضری کے سبب اے ٹی سی راولپنڈی کی جانب سے علیمہ خان کے خلاف ساتویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ علیمہ خان پر تھانہ صادق آباد میں نومبر 2023 کے احتجاج سے متعلق ایک مقدمہ بھی درج ہے۔علیمہ خان کی گرفتاری یا وارنٹ کی تعمیل کروانے کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے کارروائی مکمل کی ہے، لیکن گرفتاری کو روک دیا گیا ہے۔ اب یہ معاملہ عدالت کے فیصلے اور قانون کے مطابق آگے بڑھے گا۔