آٹا ، چینی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی، دکانداروں کو وارننگ

اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ) اوکاڑہ میں آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں کریانہ دکانوں کی چیکنگ کی اور آٹا و چینی کے ذخائر کی انسپکشن کی۔اس موقع پر انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔ خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی سنگین جرم ہے، حکومت پنجاب اس کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ آٹا، چینی یا دیگر اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث دکانداروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، انہیں بھاری جرمانوں اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تمام دکاندار حکومتی ہدایات پر عمل در آمد یقینی بنائیں۔