عالمی وعدوں کے باوجود 25 کروڑ سے زیادہ بچے اور نوعمر افراد سکول کی تعلیم سے محروم ہیں،رپورٹ
نیویارک(آئی این پی ) اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو ) نے کہا ہے کہ گذشتہ 10 سالوں میں اسکول نہ جانے والوں کی تعداد میں صرف ایک فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ عالمی وعدوں کے باوجود 25 کروڑ سے زیادہ بچے اور نوعمر افراد سکول کی تعلیم سے محروم ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیسکو کی ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران دنیا بھر میں سکول نہ جانے والے افراد کی تعداد میں صرف ایک فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے کی گلوبل ایجوکیشن رپورٹ 2024 میں کہا گیا ہے کہ 2015 سے 2022 کے درمیان عالمی سطح پر سرکاری تعلیمی اخراجات میں جی ڈی پی کے 0.4 فیصد پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 5 سال کی عمر میں بچوں کا سکول میں اندراج ایک دہائی کے دوران 75 فیصد پر ہی رکا ہوا ہے، عالمی سطح پر 25 کروڑ 10 لاکھ بچے اور نوجوان سکولوں سے باہر ہیں، جو 2011 کے بعد صرف ایک فیصد کم ہیں، جن میں 12 کروڑ 90 لاکھ لڑکے اور 12 کروڑ 20 لاکھ لڑکیاں شامل ہیں۔