وزیراعلیٰ نے تہرے قتل کانوٹس لے لیا،آئی جی نے سی سی پی اوسے رپورٹ طلب کرلی

لاہور(کرائم رپورٹر) شاہدرہ کے علاقے سگیاں پل پر تہرے قتل کی افسوسناک واردات، مخالفین نے پیشی کے لیے سیشن کورٹ آنے والے باپ کو دو بیٹوں سمیت قتل جبکہ ایک شخص کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ، واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق چوہنگ کا رہائشی صفدر اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ پیشی پر سیشن کورٹ بذریعہ رکشا نمبری LEU7824 پر جارہا تھا، سگیاں راوی پل پر چار موٹرسائیکل سواروں ، عبدالغفور، اور عثمان وغیرہ نے رکشاپر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں صفدر اور اس کے دونوں بیٹے یاسر اور ناصر گولیوں لگنے سے موقع پر دم توڑ گئے اور جعفر زخمی ہو گیا جبکہ محمد عمران محفوظ رہا، اس دوران ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئے ۔ ان کا کہنا تھاکہ ابتدائی تفصیلات میں تہرے قتل کی واردات ذاتی دشمنی کی بنیاد پر پیش آیا ہے، واقعہ میں ملوث مرکزی عبدالغفور نے اپنے بیٹے محمد افضل کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اپنے سگے بھائی صفدر اور بھتیجو ں کو قتل کیا ہے۔ محمد افضل کو 2015 میں مقتول صفدر اور اسکے بیٹوں نے قتل کیا تھا۔واقعہ کا نامزد مقدمہ عبدالغفور اسکے بیٹوں کے خلاف درج کر کے ان کی گرفتاری کے لیے تین مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں تاہم ملزمان اپنے گھروں میں تالے لگا کر فرار ہو چکے ہیں ۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے مقتولین کے خاندان سے دلی ہمدردی و اظہا کیا گیا اور قانون کے مطابق فوری کارروائی کا حکم دیا گیا جبکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرکے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔