جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس منگل کو طلب‘آئینی بینچوں کے ججوں کی نامزدگی ہوگی

چیف جسٹس یحیی آفریدی‘جسٹس منصور ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین‘ اٹارنی جنرل ‘ وزیر قانون اور نمائندہ پاکستان بار کونسل شرکت کرینگے
فاروق ایچ نائیک‘شیخ آفتاب‘عمرایوب‘شبلی فراز‘روشن خورشید بروچہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گی‘سپیکر قومی اسمبلی نے نام بھیج دیئے
اسلام آباد (آئی این پی)چیف جسٹس آف پاکستان یحیی آفریدی نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا پہلا اجلاس 5 نومبر کو طلب کرلیا۔ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری اور اس کے تحت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی تشکیل نو کے بعد یہ پہلا اجلاس ہوگا ۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحیی آفریدی نے 5 نومبرکو جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کیا ہے۔ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 5 نومبر کو دوپہر 2 بجے سپریم کورٹ میں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئینی بینچز کی تشکیل سے متعلق اہم پیش رفت متوقع ہے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے پہلے اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین شرکت کریں گے۔اجلاس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور نمائندہ پاکستان بار کونسل اختر حسین بھی شرکت کریں گے۔ان کے علاوہ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک، مسلم لیگ (ن) لیگ کے شیخ آفتاب احمد شرکت کریں گے، اجلاس میں پی ٹی آئی کے عمر ایوب اور شبلی فراز بھی شرکت کریں گے، اجلاس میں خاتون ممبر روشن خورشید بھی شرکت کریں گی۔قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جوڈیشل کمیشن کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کے نام سپریم جوڈیشل کمیشن کو ارسال کیے تھے اور اس حوالے سے سپریم جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ دیا۔جوڈیشل کمیشن کے لیے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب، مسلم لیگ (ن)کے رکن اسمبلی شیخ آفتاب کو نامزد کیا گیا جب کہ خاتون نشست پر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کیا گیا۔علاوہ ازیں، سینیٹ سے جوڈیشل کمیشن کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر فاروق نائیک اور پی ٹی آئی کے سینیٹر اور اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نامزد کیے گئے۔