مانسہرہ (آئی این پی) بالاکوٹ میں پولیس اہلکار نے فائرنگ کرکے ٹک ٹاکر جاوید مہانڈری کو قتل کردیا، پولیس اہلکار شاہد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ میں رمضان کے مہینے میں افطار کے دوران ہونے والے ایک واقعے میں مقامی ٹک ٹوکر جاوید مہانڈری جاں بحق ہوگئے۔گذشتہ شام بالاکوٹ میں دریا کنارے افطار سے کچھ پہلے پولیس اہلکار شاہد نے پستول نکالی اور فائر کردیا، جس کے بعد ٹک ٹاکر زمین پر گرگیا تاہم واردات کے بعد پولیس اہلکار فرارہوگیا۔واقعے کی وائرل ویڈیو میں ابتدا میں دوستانہ ماحول دکھائی دیتا ہے، لیکن بعد میں ایک پولیس اہلکار کا پستول نکالنا اور اس کے اچانک چلنے کے بعد مہاندری کی موت دیکھی جا سکتی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکار کا خیال تھا کہ ہتھیار خالی ہے، مگر چیمبر میں موجود گولی مہاندری کے لیے مہلک ثابت ہوئی۔ہلاکت کے بعد مقامی لوگوں نے احتجاج کیا، پولیس اسٹیشن پر پتھرا کیا اور گاڑی اور اسٹیشن کے کچھ حصے جلانے کی کوشش کی۔پولیس نے اہلکار شاہد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف دفعہ تین سو دو کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے