مصطفی قتل کیس:بیٹے سے زبردستی بیان دلایا جا رہا ہے:اداکارساجد حسن

 دوسری بار ہے  پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا ہے، کیا میں اسے اتفاق کہوں یا سازش؟  
میرا بیٹا بے گناہ ہے، معاملے میں کچھ بڑے نام بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث ہوسکتے ہیں:پریس کانفرنس 
  کراچی (آئی این پی ) معروف اداکار ساجد حسن نے مصطفی عامر قتل کیس میں پولیس کے رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے ساحر حسن کو زدوکوب کرکے اپنی مرضی کا بیان دلوانے کی کوشش کی گئی ہے۔سینئر اداکار نے اس معاملے کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو یرغمال بنایا گیا ہے۔ساجد حسن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا، میرے بیٹے ساحر کو زدوکوب کرکے اپنی مرضی کا بیان دلوایا گیا۔ یہ دوسری بار ہے کہ پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ کیا میں اسے اتفاق کہوں یا سازش؟ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چار سال قبل بھی اسی طرح کی کوشش کی گئی تھی، لیکن وہ اس وقت کیس جیت گئے تھے۔مصطفی عامر قتل کیس کے بعد تحقیقات میں کئی نام سامنے آئے تھے اور اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کا نام بھی مصطفی اور ارمغان کو منشیات فروخت کرنے والے کے طور پر لیا گیا تھا۔ تاہم، ساجد حسن کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بے گناہ ہے اور اس معاملے میں کچھ بڑے نام بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ارمغان قاتل نہیں ہے۔ یہ ایک گورکھ دھندا ہے۔ اصل حقائق کو مسخ کرکے ایک نیا زاویہ بنا دیا گیا ہے۔