پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 کا ٹائٹل چترال سکاؤٹس اے نے جیت لیا

چترال (سپورٹس ڈیسک): پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 شان دار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہو گیا، ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں چترال اسکاؤٹس اے نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال لیویز اے کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم چترال اسکاؤٹس اے نے عمدہ ٹیم ورک اور جارحانہ کھیل کی بدولت کام یابی حاصل کی۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر چترال اسکاؤٹس کے ٹیم کمانڈر صوبیدار میجر اسرار ولی خان کو مین آف دی ٹورنامنٹ جب کہ حوالدار آصف حسین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال لیویز کے ٹیم کپتان اظہار علی خان کے گھوڑے نے بیسٹ ہارس کا ایوارڈ حاصل کیا۔فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ چترال اسکاؤٹس کرنل ارسلان تھے، جنھوں نے کامیاب اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر انھوں نے فاتح ٹیم کے لیے 2 لاکھ روپے جب کہ رنر اپ ٹیم کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔