لندن (آئی این پی) غذائی ماہرین کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ ہر کھانے کے بعد مختصر چہل قدمی خون میں شکر کی سطح کم کر کے جسم میں چربی جمع ہونے سے بچا سکتی ہے۔پیٹ کے گرد جمع ہونے والی چربی صحت کے لیے بڑا خطرہ سمجھی جاتی ہے جو موٹاپے، ذیابیطس اور دل کے امراض کا سبب بنتی ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق ہر کھانے کے بعد صرف 10 سے 15 منٹ کی چہل قدمی اس مسئلے پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق کھانے کے بعد معمول کی رفتار سے چہل قدمی کرنے سے خون میں شکر کی سطح اچانک نہیں بڑھتی جس کے نتیجے میں جسم میں چربی ذخیرہ ہونے کا عمل سست ہو جاتا ہے۔کھانے کے فورا بعد سخت ورزش یا تیز چہل قدمی سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق ابتدائی فوائد 1 سے 2 ہفتوں میں محسوس ہو سکتے ہیں جبکہ پیٹ کی چربی میں نمایاں کمی 4 سے 6 ہفتوں میں دیکھی جا سکتی ہے بشرطیکہ اس عادت کے ساتھ متوازن غذا اور مناسب پانی کا استعمال بھی جاری رکھا جائے۔