راولپنڈی کی انسدادِ رشوت ستانی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف کرپشن کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب فواد چوہدری عدالت کی متعدد طلبیوں کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔ خصوصی جج خاور رشید نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ فواد چوہدری کو گرفتار کرکے 30 جون کو عدالت میں پیش کیا جائے۔مقدمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ جہلم کی جانب سے 29 نومبر 2023 کو درج کیا گیا تھا، جس میں فواد چوہدری، ان کے کزن فوق شیراز چوہدری، ضلع کونسل جہلم کے سابق ڈسٹرکٹ افسر پلاننگ محمد داؤد اور سیکریٹری ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی جہلم کو نامزد کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ ملزمان نے جی ٹی روڈ دینہ پر واقع ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے این او سی اور دیگر سرکاری امور کی منظوری کے لیے 2 کروڑ روپے رشوت وصول کی۔عدالت نے مقدمے کی سماعت 30 جون تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر چالان پیش کیا جائے۔