760غیر رجسٹرڈ اکیڈمیاں آج سے بند
لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کیخلاف کارروائی شروع،744کو نوٹس،ایجوکیشن اتھارٹی نے سکولز کی انتظامیہ سے 3 روز میں جواب طلب کرلیا ایسے اداروں کو 3 لاکھ سے 40 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے:حکام
لاہور( کرائم رپورٹر) وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ آج سے لاہور میں تقریباً 760 غیر رجسٹرڈ اکیڈمیاں بند کی جا رہی ہیں جبکہ باغبانپورہ اور کاہنہ کے واقعات کے بعد پنجاب بھر میں غیر قانونی اکیڈمیوں کے خلاف کریک ڈائون مزید تیز کر دیا گیا ہے، جس کا دائرہ شہری علاقوں سے بڑھا کر دیہی علاقوں تک وسیع کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق میڈیا کی نشاندہی، والدین کے تعاون اور ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کے نتیجے میں سینکڑوں غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز پہلے ہی سیل کئے جا چکے ہیں۔دوسری طرف لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے شہر بھر کے 744 غیر رجسٹرڈ سکولوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 3 روز میں جواب طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن یقینی بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی اور پہلے مرحلے میں شہر کے 744 غیر رجسٹرڈ سکولوں کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔نوٹسز میں غیر رجسٹرڈ سکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر اپنی رجسٹریشن سے متعلق وضاحت اور مطلوبہ ریکارڈ جمع کرائیں، مقررہ مدت میں جواب نہ دینے یا قواعد پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ تعلیم کے مطابق غیر رجسٹرڈ سکولوں پر قوانین کے تحت 3 لاکھ سے لے کر 40 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے بغیر تعلیمی ادارے چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،اس کارروائی کا مقصد نجی تعلیمی اداروں کو قانونی دائرہ کار میں لانا، طلبہ کے تعلیمی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اور سکولوں میں مقررہ معیار اور ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ نوٹسز کے بعد قواعد پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف جرمانوں سمیت مزید قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔