عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے، تاہم پاکستان میں عوام کو اس کے مقابلے میں معمولی ریلیف دیا گیا ہے۔
حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں صرف ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 9 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل نیچے آ رہی ہیں۔ اماراتی مربن خام تیل تقریباً 66 ڈالر فی بیرل، امریکی خام تیل 69 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ کروڈ آئل 72.12 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے، جس سے عالمی توانائی مارکیٹ میں قیمتوں میں نرمی کا رجحان برقرار ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے پندرہ روزہ جائزے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ اس سے قبل پیٹرول 299 روپے 50 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 9 پیسے فی لیٹر اضافہ بھی کیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 231 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ اس سے قبل مٹی کا تیل 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے۔عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل پر مختلف حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ عوام کا مطالبہ ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ صارفین تک منتقل کیا جائے۔