بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اعلی سکیورٹی ذرائع

بھارتی ریاست کی ناکامی کی وجوہات بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مذہبی شدت پسندی ہے،دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خدشہ ہے
کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرکردہ لیڈر شپ بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، ریاست پاکستان اور عوام بھارت سے مرعوب نہیںہونگے: میڈیا انفلوئنسرزسے گفتگو
راولپنڈی(آ ئی این پی ) اعلی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے  پورے خطے، خصوصا پاکستان، میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے،بھارتی ریاست کی ناکامی کی وجوہات بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مذہبی شدت پسندی ہے،دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خدشہ ہے ۔ میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ اعلی سیکیورٹی عہدیدار کی اہم نشست میں بھارتی داخلی صورتحال، ہندوتوا نظریے، مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے خلاف مبینہ بھارتی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی قیادت زمینی حقائق تسلیم کرنے سے گریزاں ہے، بھارت ایک ہندوتوا زدہ ناکام ریاست ہے تاہم اسے اپنے آپ کو بڑا دکھانے کی عادت ہو چکی ہے، بھارتی ریاست کی ناکامی کی وجوہات بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مذہبی شدت پسندی ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق اکھنڈ بھارت کا غیر حقیقی خواب اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے، ہندوتوا نظریہ نے بھارت کے سیکولر چہرے کو مسخ کر دیا ہے، بھارت کی فوج بی جے پی کی متشدد اور مذہبی سیاست کی نذر ہو چکی ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دنیا کا اگلا سب سے بڑا قتلِ عام بھارت میں ہونے کا خدشہ ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اس قتل عام کی شدت غزہ اور فلسطین سے بھی بڑھ کر ہوگی، ہندوستان میں پائی جانے والی تفریق اور اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و ستم ہندوستان کی مزید تقسیم کا شاخسانہ بنیں گے۔