سندھ طاس معاہدہ کوئی یکطرفہ معاہدہ نہیں ہے، بھارت کا اس کو ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں
پاکستانی فوج دنیا کی ماہر ترین افواج میں سے ہے، جو ہر طرح کی جنگ کیلئے تیار ہے:پریس کانفرنس
لاہور(سپیشل رپورٹر ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے دی جانے والی جنگی دھمکیوں، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی، اور خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بھارت کی حکومت اس وقت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی نیت رکھتی ہے۔ پہلگام واقعہ بھارت کی سکیورٹی کی بڑی ناکامی ہے، اور اس پر پاکستان کو الزام دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ نہ تو بھارت کے پاس پہلگام واقعے کا کوئی ثبوت ہے، نہ ہی دنیا نے اس الزام کو تسلیم کیا۔ پاکستان نے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے یاددہانی کرائی کہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک پاکستان ہے، جس نے 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی ہے، اور دو دہائیوں سے اس جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستانی فوج دنیا کی ماہر ترین افواج میں سے ہے، جو ہر طرح کی جنگ کے لیے تیار ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ کوئی یکطرفہ معاہدہ نہیں ہے اور بھارت کا اس کو ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی، اور اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اگر خدانخواستہ کوئی ایٹمی مہم جوئی کی گئی تو یہ دنیا کے اربوں افراد کو متاثر کرے گی اور نسلوں کو تباہی کے دہانے پر لے جائے گی۔ ہم ایٹمی طاقت ہیں، اور اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں