ایران نے اسرائیل کو جواب دے کر خودداری کا ثبوت دیا:گورنر پنجاب

 سردار سلیم حیدر کا ایرانی قونصلیٹ کا دورہ، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، شہدائے فلسطین کیلئے فاتحہ خوانی 
ایرانی قونصل جنرل کا اسرائیلی جارحیت پر پاکستانی حمایت پر شکریہ، تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیاگیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لاہور میں واقع اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلیٹ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کیا۔گورنر پنجاب نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا ایران نے اسرائیلی جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دے کر اپنی خودداری کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی بین الاقوامی سازشیں جاری ہیں، جنہیں اتحاد و یکجہتی سے شکست دی جا سکتی ہے۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے اسرائیلی مظالم کے خلاف پاکستان کی قومی و حکومتی سطح پر حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث پاکستان میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت بھی کیا۔قونصل جنرل نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے اور دونوں ممالک مل کر خطے میں ترقی، استحکام اور بھائی چارے کو مضبوط کر سکتے ہیں