2025 تک پانی کی قلت سے دوچار 15 ممالک میں شامل ہو جائے گا:چیئرمین این ڈی ایم اے
اسلام آباد (آن لائن)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ اجلاس کے دوران شدید بارشوں، گلیشیئرز کے پگھلنے اور اربن فلڈنگ جیسے ممکنہ خطرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ اراکین کمیٹی نے اداروں کی کارکردگی پر سوالات بھی اٹھائے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس چیئرپرسن منزہ حسن کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے موسمیاتی خطرات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان دنیا کا چوتھا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، اور 2025 تک پانی کی قلت سے دوچار 15 ممالک میں شامل ہو جائے گا۔رواں سال معمول سے زائد بارشیں سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر سکتی ہیں، جبکہ گلیشئرز کے پگھلنے سے بھی ممکنہ خطرات موجود ہیں