سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کے ملازمین کو تنخواہیں کیوں نہیں دی جا رہیں چیئرمین قائمہ کمیٹی

پی ٹی وی میں بھرتیوں اور تنخواہوں کی تفصیلات مانگی گئیں لیکن وزارت نے فراہم نہیں کیں:سحر کامران‘ ہم وزارت سے ایٹمی فارمولا نہیں مانگ رہے:چیئرمین

 اسلام آباد(یواین پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات اور وزارت اطلاعات کے درمیان اختلافات، چیئرمین کمیٹی کا احتجاج اجلاس برخاست کر دیا، چیئرمین کمیٹی نے کہا  یہ پارلیمنٹ کے وقار کا سوال ہے ہم صرف اتنا جاننا چاہتے ہیں  سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کے ملازمین کو تنخواہیں کیوں نہیں دی جا رہیں، تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کااجلاس چیئرمین پولین بلوچ کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں شریک اراکین کاکہنا تھا کہ انہیں آج کے اجلاس کاایجنڈا تاخیرسے بھجوایا گیا ہے اور اس پر بریفنگ بھی نہیں دی گئی۔ سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ پی ٹی وی میں ہونے والی بھرتیوں اور تنخواہوں کی تفصیلات مانگی گئیں لیکن وزارت نے فراہم نہیں کیں۔اراکین کمیٹی نے اس موقع پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں بلکہ مسلسل شکایات کے باوجود وزارت کی جانب سے سنجیدگی نہیں دکھائی جا رہی۔سحر کامران نے مزید کہا کہ پی ٹی وی کی حالت اب شالیمار ریکارڈنگ کمپنی سے بھی زیادہ خراب ہو چکی ہے۔کہا گیا تھا کہ عید سے پہلے تنخواہیں دے دی جائیں گی لیکن وہ بھی نہیں دی گئیں۔اس موقع پرچیئرمین کمیٹی پولین بلوچ کاکہناتھاکہ ہم وزارت سے ایٹمی فارمولہ نہیں مانگ رہے۔ صرف تنخواہوں کے اعداد و شمار مانگے تھے لیکن وہ بھی چھپائے جا رہے ہیں۔ہم 19 تاریخ کو یہ تفصیلات مانگ چکے ہیں مگر وزارت تعاون نہیں کر رہی۔رکن کمیٹی امین الحق نے کہا کہ یہ معاملہ صرف یہاں تک نہیں رہنا چاہئے اس کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے