پنجاب میں پلاسٹک کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں: مریم نواز

پلاسٹک بیگز زمین، دریا، فصلوں، صحت کیلئے مہلک، کینسر سمیت کئی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں
پنجاب روز بروز پلاسٹک فری بن رہا ہے: وزیراعلیٰ مریم نواز کا پلاسٹک فری ڈے پر پیغام

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے  پنجاب روز بروز پلاسٹک فری ہونے کی جانب گامزن ہے  اور عوام کو ماحول دوست متبادل اپنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔پلاسٹک بیگ فری ڈے کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پلاسٹک بیگز وقتی سہولت تو فراہم کرتے ہیں، لیکن یہ صدیوں تک ماحول میں رہ کر زمین، فضا، پانی، اور انسانی صحت کے لیے مہلک ثابت ہوتے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ پلاسٹک زمین کی زرخیزی ختم کرنے، نکاسی آب کے نظام کو بند کرنے اور آبی حیات کو ختم کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ اس کے مسلسل استعمال سے کینسر سمیت کئی مہلک بیماریوں کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ الحمدللہ پنجاب میں پلاسٹک کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان میں کپڑے اور کاغذ کی تھیلیوں کے استعمال کا فروغ، مارکیٹوں اور فیکٹریوں میں ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد، اور اسکولوں و کالجوں میں شعور اجاگر کرنے کی مہم شامل ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کی جگہ ری سائیکلنگ کے دوست متبادل متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کو اپنی ترجیحی فہرست میں شامل کیا ہے تاکہ آئندہ نسلوں کو ایک صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول فراہم کیا جا سکے