دونوں نے پسند کی شادی کی تو ملزموں نے قتل کی دھمکیاں دی تھیں: لواحقین
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والے میاں بیوی کی لاشیں پوسٹمارم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس نے مقتولہ کے تین بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ذرائع کے مطابق کاہنہ دھلوکی گائوں کے رہائشی محمود نے چار سال قبل رفعت سے پسند کی شادی کی تھی۔ دونوں کی یہ دوسری دوسری شادی تھی، خاتون کے پہلی شادی سے چار جبکہ محمود کے بھی پہلی شادی سے تین بچے تھے۔گزشتہ رات خاتون کے تین بھائیوں نے پہلے گھر کے نیچے دکان پر موجود بہنوئی محمود کو فائرنگ کرکے قتل کیا پھر گھر کی بالائی منزل پر اپنی بہن کو قتل کرکے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔مقتول محمود کے لواحقین کا کہنا ہے کہ جب دونوں نے پسند کی شادی کی تو ملزموں نے قتل کرنے کی دھمکیاں دی تھیں۔ لیکن بعد میں صلح ہوگئی اور ملزموں کا ان کے گھر آنا جانا بھی شروع ہو گیا ۔ رواں سال لاہور میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی یہ پہلی واردات ہے۔