بانی پی ٹی آئی کی رہائی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے بس میں نہیں: امیر مقام

پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی ملکی مفاد پر بات کرے، بانی پی ٹی آئی عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں، ان کی ڈکشنری میں ملک کا مفاد نہیں ،وفاقی وزیر 
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیربرائے امور کشمیر اور مسلم لیگ( ن) کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے بس میں نہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں، تحریکِ انصاف کی مذاکراتی کمیٹی ملکی مفاد پر بات کرے۔امیر مقام نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بحث ہو ہی نہیں سکتی، کیا مذاکرات ہوں گے؟، تحریکِ انصاف عدالت کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو رہا کروائے، بانی پی ٹی آئی عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں، ان کی ڈکشنری میں ملک کا مفاد نہیں ہے۔ وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مفاد صرف ان کی ذات ہے، کیا 9مئی کے واقعات اور اسلام آباد پر حملہ بانی پی ٹی آئی نے ملکی مفاد میں کیا تھا؟۔امیر مقام نے  مزید کہا کہ پرویز خٹک کابینہ میں شامل ہوں گے تو انہیں خوش آمدید کہیں گے۔