پی ایس ایل 11: انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت میں 149 فیصد اضافہ، انڈیا شامل نہیں

پی ایس ایل 11: انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت میں 149 فیصد اضافہ، انڈیا شامل نہیں

پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے میچز کی نشریات کے لیے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس فروخت ہو گئی ہیں، تاہم انڈین خطے کو اس بار شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق، ولی ٹیکنالوجیز کے ساتھ ہونے والے ایک سالہ معاہدے کے تحت پی ایس ایل کے میچز کی نشریات کے حقوق فروخت ہوئے۔ پی سی بی کے مطابق ولی ٹیکنالوجیز نے مقررہ ریزرو قیمت سے بھی زیادہ بولی لگائی، جبکہ بورڈ نے گلوبل میڈیا رائٹس کی فروخت کی مالیت ظاہر نہیں کی۔پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ:"انٹرنیشنل میڈیا رائٹس میں 149 فیصد اضافہ پی ایس ایل پر دنیا کے اعتماد کا عکاس ہے۔ لیگ کی مسابقتی اور معیاری کرکٹ نے عالمی شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے، اور نئے معاہدے نے بزنس گروتھ پر اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔"
ولی ٹیکنالوجیز کے سی ای او احسن طاہر نے کہا:

"یہ ہر اُس پاکستانی کی کامیابی ہے جو 'میڈ اِن پاکستان' ٹیکنالوجی پر یقین رکھتا ہے۔ یہ صرف ہماری ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سفر کی شروعات ہے، اور ہمارے پاس مزید منصوبے ہیں۔"
یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں شدت پسندوں کے حملے کے بعد فین کوڈ اور سونی سپورٹس انڈیا نے پی ایس ایل کی نشریات معطل کر دی تھیں۔ 2024 میں پی سی بی نے سونی پکچرز نیٹ ورکس انڈیا کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت پاکستان کی تمام ہوم انٹرنیشنل سیریز اور پی ایس ایل کی نشریات دکھائی جانی تھیں۔