بھارت کے نامور اداکار رجنی کانت نے صفائی کرنے والی خاتون کو اس کی ایمانداری پر سونے کی چین سے نوازا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، گزشتہ ماہ چنئی میں ایک مندر کے قریب سڑک کی صفائی کے دوران پدما نامی ایک خاکروب خاتون کو ایک بیگ ملا جس میں طلائی زیورات موجود تھے۔ پدما نے فوری طور پر بیگ پولیس کے حوالے کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے زیورات کے مالک کو تلاش کر کے اسے بیگ واپس کر دیا، اور پدما کی ایمانداری کے اعتراف میں ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ نے اسے ایک لاکھ بھارتی روپے کا انعام دیا۔پدما کی ایمانداری کی خبر ملک بھر میں سوشل میڈیا اور خبروں میں وائرل ہوئی، جس سے متاثر ہو کر ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار رجنی کانت نے پدما کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے بلایا۔
اس موقع پر انہوں نے خاتون کو اپنی جانب سے سونے کی چین بطور تحفہ پیش کی۔اداکار کی ٹیم کی جانب سے اس موقع کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر بھی شیئر کی گئیں۔ تصاویر کے بعد رجنی کانت کو مداحوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جبکہ پدما کی ایمانداری کو بھی عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔یہ واقعہ نہ صرف پدما کی ایمانداری کی مثال کے طور پر سامنے آیا بلکہ رجنی کانت کی انسانی جذبات اور کردار کی تعریف کا سبب بھی بنا۔