پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کا تسلسل برقرار رہا، جس کے نتیجے میں انڈیکس کی 1 لاکھ 12 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی گر گئی۔
منگل کو سرمایہ کاروں کو 1 کھرب 5 ارب 39 کروڑ 39 لاکھ 12 ہزار 275 روپے کا نقصان ہوا۔اگرچہ اقتصادی سطح پر سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں اور آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق زرعی ٹیکس کے نفاذ جیسی مثبت خبروں نے کاروبار کا آغاز تیز کیا، تاہم بعد میں کمرشل بینکنگ، فرٹیلائزر اور آئل اینڈ گیس سیکٹر میں منافع کے حصول کی وجہ سے مندی کا رجحان غالب آ گیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 809.63 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 111,935.38 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس میں 334.95 پوائنٹس کی کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 35,024.66 پوائنٹس پر بند ہوا۔
کاروباری حجم میں 8.68 فیصد کمی آئی، اور مجموعی طور پر 43 کروڑ 63 لاکھ 25 ہزار 53 حصص کے سودے ہوئے۔کچھ کمپنیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ بھی دیکھا گیا، جیسے سازگار انجینئرنگ کے حصص کی قیمت 78.01 روپے بڑھ کر 1,140.96 روپے اور باٹا پاکستان کے حصص کی قیمت 28.54 روپے بڑھ کر 1,986.16 روپے ہوگئی۔ اس کے علاوہ، رفحان میظ پراڈکٹس اور سفائر ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمتوں میں کمی بھی واقع ہوئی۔