ایک ماہ کے دوران ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ قائم

ایس ای سی پی کی جانب سے جنوری  کے دوران 3 ہزار 442 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں
    کراچی (یواین پی) جنوری 2025ء کے دوران نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 39 فیصد اضافے کے ساتھ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے کمپنیوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ قائم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جنوری 2025ء کے دوران 3 ہزار 442 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی ہیں، دسمبر 2024ء کے مقابلے میں جنوری 2025ء کے دوران ایس ای سی پی سے کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 39 فیصد کا اضافہ ہوا۔ترجمان ایس ای سی پی نے بتایا کہ جنوری کے مہینے کے دوران سب سے زیادہ 652 نئی کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبوں میں رجسٹرڈ کی گئیں، اس کے بعد ٹریڈنگ کے شعبے میں سب سے زیادہ 463 اور خدمات کے شعبہ میں 411 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔