پی ٹی آئی کی خاطر شریف برادران پر تنقید کرنے پر افسوس ہے ،شیرافضل مروت

 یہ شریف برادران کا وصف کبھی جواب نہیں دیا ، پی ٹی آئی نے مجھے جواب دے دیا
 کبھی کسی سے کوئی خفیہ ملاقاتیں یا خفیہ رابطے نہیں رہے ، کسی جماعت کا حصہ نہیں ہوں
اسلام آباد(آئی این پی )رکن قومی اسمبلی   شیر افضل مروت نے کہاہے کہ مجھے ماضی میں پی ٹی آئی کیلئے  نواز شریف اور شہباز شریف کو برا بھلا کہنے پر پچھتاوا ہے، افسوس ہے میں نے پی ٹی آئی کیلئے  شریف برادران کو برا بھلا کہا۔ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میں صرف تحریک انصاف کی خاطر شہباز شریف اور نواز شریف پر تنقید کی لیکن یہ شریف برادران کا وصف ہے کہ انہوں نے کبھی جواب نہیں دیا البتہ پی ٹی آئی نے مجھے جواب دے دیا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی کیلئے نواز شریف اور شہباز شریف کی تضحیک کی تھی لیکن اس سب کا جواب ان میں سے کسی نے نہیں دیا البتہ پی ٹی آئی سے اختلاف پر اس کا سوشل میڈیا گالم گلوچ کر رہا ہے۔مستقبل میں پی ٹی آئی میں رہنے یا ن لیگ میں شمولیت سے متعلق سوال پر شیر افضل مروت نے جواب دیا کہ میری کبھی کسی سے کوئی خفیہ ملاقاتیں یا خفیہ رابطے نہیں رہے ، میں اب بھی کسی جماعت کا حصہ نہیں ہوں۔ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ میں پی ٹی آئی ہی میں رہوں، میں ابھی اس پوزیشن پر ہوں کہ جو اچھا لگتا ہے اس کی تعریف کرتا ہوں جو برا لگتا ہے اس کو برا کہتا ہوں۔